سعودی قومی دن پر پاکستانی قیادت کی شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کو مبارکباد
دونوں برادر ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی
سعودی قومی دن پر پاکستانی قیادت کی شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کو مبارکباد
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سعودی قیادت کے نام اپنے تہنیتی پیغامات میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، تاریخی وابستگی، باہمی اعتماد اور دوستی کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور حالیہ تزویراتی معاہدے دیرینہ شراکت داری میں اہم پیش رفت ہیں، جو خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔
صدرِ مملکت کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب اپنے قریبی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مختلف شعبوں کے ساتھ ساتھ دوطرفہ، علاقائی اور عالمی سطح پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
آصف علی زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی باہمی دفاعی معاہدہ دوطرفہ تعلقات کی اہمیت اور باہمی تعاون کے عزم کا واضح اظہار ہے۔
شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں، خصوصاً مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور دیرینہ تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط اور وسیع ہوں گے۔