اسرائیلی فورسز کے مغربی کنارے میں چھاپے،2 فلسطینی گرفتار

کارروائی کے دوران فلسطینیوں کی املاک اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

September 23, 2026 · بام دنیا
اسرائیلی فورسز کے مغربی کنارے میں چھاپے،2 فلسطینی گرفتار

اسرائیلی فورسز کے مغربی کنارے میں چھاپے،2 فلسطینی گرفتار

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کے دوران دو فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں گھروں کی تلاشی بھی لی گئی۔

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بدھ کی صبح مغربی کنارے کے متعدد علاقوں میں چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران فلسطینیوں کی املاک اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغرب میں واقع گاؤں بیت دوقو میں کارروائی کے لیے اسرائیلی فورسز کی متعدد فوجی گاڑیاں پہنچیں۔ اہلکاروں نے علاقے میں کئی گھروں کی تلاشی لی اور بعض رہائشیوں کو حراست میں لے لیا، تاہم گرفتار کیے گئے افراد کی درست تعداد اور شناخت فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔

رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع علاقے نبی صالح میں بھی اسرائیلی فورسز نے ایک گھر کی تلاشی لی اور 19 سالہ فلسطینی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔

اسرائیلی فورسز نے شمالی مغربی کنارے کے شہر طوباس اور قریبی قصبے عقبہ میں بھی کارروائیاں کیں۔ مختلف گھروں کی تلاشی کے علاوہ کئی محلوں میں پیدل فوج کے دستے بھی تعینات کیے گئے۔

علاقے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کے باعث مقامی آبادی میں کشیدگی برقرار ہے۔