شدید دُھند کے باعث موٹروے ایم ون اور ایم ٹو کے مختلف حصے ٹریفک کے لیے بند
موٹروے پولیس کی ہدایات، مسافروں کو سفر میں احتیاط کی اپیل، حفاظتی اقدامات جاری۔
شدید دُھند کے باعث موٹروے ایم ون اور ایم ٹو کے مختلف حصے ٹریفک کے لیے بند
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں اور پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون اور ایم ٹو کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد دھند کے باعث ہونے والے ممکنہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
دستاویزات اور موٹروے پولیس کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق موٹروے ایم ون کو مین ٹول پلازہ پشاور سے برہان تک تمام اقسام کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم ٹو پر کوٹ مومن سے لیلہ اور بلکسر سے اسلام آباد تک کے سیکشنز پر بھی ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ شہریوں سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹروے کی صورتحال کے بارے میں تازہ ترین معلومات کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رہنمائی حاصل کریں۔