پنجاب میں اسموگ کا راج، لاہور دنیا بھر کے آلودہ شہروں میں سرفہرست
خطرناک فضائی آلودگی، اے کیو آئی 463 تک جا پہنچا، طبی ماہرین کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت۔
پنجاب میں اسموگ کا راج، لاہور دنیا بھر کے آلودہ شہروں میں سرفہرست
پنجاب میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی صورتحال بدستور انتہائی خطرناک شکل اختیار کیے ہوئے ہے، جہاں صوبائی دارالحکومت لاہور آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے۔ محکمہ ماحولیات اور جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 463 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔
صوبے کے دیگر شہروں میں بھی فضا کا معیار انتہائی ابتر پایا گیا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سرگودھا 485 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ فیصل آباد میں اوسط اے کیو آئی 368، ملتان میں 365 اور مظفرگڑھ میں 326 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا۔ فضا میں زہریلے ذرات کی اس تشویشناک مقدار کے باعث شہریوں بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو سانس لینے میں شدید مشکلات اور آنکھیں جلنے جیسی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
طبی ماہرین نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ ماہرین صحت نے ہدایت کی ہے کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا لازمی استعمال کیا جائے اور سانس کے امراض میں مبتلا مریض، بچے اور بزرگ غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی بڑے طبی بحران سے بچا جا سکے۔