امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 5.0 شدت کا زلزلہ، ایئرپورٹ کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں
شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، درجنوں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 5.0 شدت کا زلزلہ، ایئرپورٹ کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے مین ہیٹن بیچ میں 5.0 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس نے جنوبی کیلیفورنیا کے بیش تر علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس زلزلے کا مرکز مین ہیٹن بیچ کے قریب تھا اور اس کے نتیجے میں متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما ماہرین کے مطابق دوپہر تک آفٹر شاکس کی تعداد کم از کم 40 ہو چکی تھی۔ زلزلے کے باعث مین ہٹن بیچ ایریا میں کئی مکانوں کو معمولی نقصان پہنچا ہے تاہم فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث امریکی شہر لاس اینجلس کے ایئرپورٹ پر کھڑکیاں ٹوٹ گئیں جبکہ تعطیلات کے دوران مسافروں کے رش کی وجہ سے زلزلے کے وقت ایئرپورٹ پر شدید ہلچل مچ گئی۔ کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی زلزلہ پیما تجربہ گاہ نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید زلزلے آ سکتے ہیں، تاہم متوقع زلزلوں کی شدت کم ہونے کا امکان ہے لیکن زیادہ شدت کے زلزلے بھی آ سکتے ہیں جو ممکنہ طور پر نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔
زلزلہ پیما تجربہ گاہ کے مطابق بعد کے جھٹکوں کے پیشِ نظر شیک الرٹ نظام کو فعال کر دیا گیا ہے اور 4.6 شدت کے آفٹر شاک کے موقع پر شہریوں کے موبائل فونز پر ہنگامی انتباہات بھی جاری کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے یا موبائل فون پر انتباہ موصول کرنے والے تمام افراد پر زور دیا گیا ہے کہ وہ امریکی جیولوجیکل سروے کی ویب سائٹ پر کے عنوان سے موجود رپورٹ پُر کریں۔