امریکی پابندیوں کی دھمکی کے باوجود ایرانی طیارہ چین پہنچ گیا
بدھ کی شام 4 بج کر 39 منٹ پر وہاں پہنچ گئی۔ پرواز کے لیے گوانگ ژو بائیون بین الاقوامی ہوائی اڈے کو منزل ظاہر کیا گیا تھا۔
فائل فوٹو
امریکی پابندیوں کی نئی دھمکی کے باوجود ایرانی فضائی کمپنی مَہان ایئر کی پرواز ایران سے چین پہنچ گئی۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق مَہان ایئر کی پرواز آئی آر ایم 093 نے چین کے شہر گوانگ ژو کا رخ کیا اور مقامی وقت کے مطابق بدھ کی شام 4 بج کر 39 منٹ پر وہاں پہنچ گئی۔ پرواز کے لیے گوانگ ژو بائیون بین الاقوامی ہوائی اڈے کو منزل ظاہر کیا گیا تھا۔
تاہم ہوائی اڈے کی سرکاری ویب سائٹ پر مذکورہ پرواز کو آمد کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔ اس لیے طیارے کی چین پہنچنے سے متعلق دستیاب معلومات بنیادی طور پر پروازوں کی نگرانی کرنے والے نظام کے اعداد و شمار پر مبنی ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا نے ایرانی فضائی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری معاملات کرنے والے اداروں کے خلاف مزید پابندیوں کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ کے مطابق 23 ستمبر سے ایرانی ایئرلائنز کے ساتھ کاروبار کرنے یا انہیں خدمات فراہم کرنے والے ادارے امریکی پابندیوں کی زد میں آسکتے ہیں۔
مَہان ایئر پہلے ہی امریکی پابندیوں کا سامنا کر رہی ہے۔ واشنگٹن کا الزام ہے کہ ایرانی فضائی کمپنی نے پاسداران انقلاب سے متعلق سرگرمیوں میں معاونت کی، تاہم ایران امریکی پابندیوں کو مسترد کرتا ہے۔
دوسری جانب چین نے ایرانی فضائی کمپنیوں کے خلاف ممکنہ امریکی پابندیوں کی مخالفت کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بیجنگ ایسے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے جو بین الاقوامی قانون یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر کیے جائیں۔
فلائٹ ٹریکنگ ریکارڈ کے مطابق مَہان ایئر کی تہران سے گوانگ ژو کے درمیان پروازیں حالیہ دنوں میں بھی جاری رہی ہیں اور اس روٹ پر متعدد پروازوں کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے۔