اسلام آباد میں انسان نما درندے نے اپنی 3 برس کی سالی زیادتی کے بعد قتل کردی

ملزم واردات کے دو گھنٹے کے اندر گرفتار- نشاندہی پر لاش برآمد کرلی گئی، پولیس

September 23, 2026 · اہم خبریں
اسلام آباد میں پیش آنے والے اندوهناک واقعے کی تفتیش اور پولیس کی کارروائی کا منظر

اسلام آباد میں پیش آنے والے اندوهناک واقعے کی تفتیش اور پولیس کی کارروائی کا منظر

اسلام آباد کے تھانہ نون کی حدود میں ایک انتہائی دلخراش اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی ہی 3 سالہ سالی کو زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، 3 سالہ بچی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ نون پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انڈسٹریل زون ڈاکٹر ایاز حسین کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔

پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج اور انسانی ذرائع کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے بروقت کارروائی کی اور واقعے میں ملوث سفاک ملزم کاشف کو 2 گھنٹے سے بھی کم وقت میں دبوچ لیا۔ پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم کاشف کے انکشاف اور نشاندہی پر جاں بحق ہونے والی 3 سالہ بچی سکینہ کی لاش برآمد کر لی گئی۔

اس لرزہ خیز واقعے کی تحقیقات کے لیے کل 07 پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جن میں پولیس کے تمام زونز کے ایس ایچ آوز بھی شامل تھے جنہوں نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزم کو عدالت سے قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔