اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پہلا پاسپورٹ بنوانے کا عمل آسان بنانے کا فیصلہ

اہم ریلیف، سیکیورٹی کلیئرنس کا عمل تیز کر دیا گیا، سفارتخانوں کو سرکلر جاری۔

September 24, 2026 · اہم خبریں
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کے حصول کو آسان بنانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کے حصول کو آسان بنانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

حکومت کی جانب سے پہلا پاسپورٹ بنوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے حج 2027 کے خواہش مند پاکستانی اب وقت پر پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے۔ دوہری شہریت کے حامل اوورسیز پاکستانی جو پاکستانی پاسپورٹ پر حج کی ادائیگی کے خواہش مند تھے، انہیں حساس اداروں کی لازمی سیکیورٹی کلیئرنس میں تاخیر کے باعث 20 نومبر 2027 کی ڈیڈ لائن تک پاسپورٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا۔

دستاویز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے ڈی جی انٹیلیجنس بیورو فواد اسد اللہ خان سے باہمی مشاورت کے بعد دوہری شہریت کے حامل حج زائرین کے لیے پہلے پاسپورٹ کی سیکیورٹی کلیئرنس کا عمل تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ دنیا بھر کے تمام پاکستانی سفارتخانوں کو اس ضمن میں باقاعدہ سرکلر جاری کیا جا چکا ہے۔

حج درخواست گزاروں کے لیے پاسپورٹ آفس کی جانب سے ایک اسپیشل فارم بھی جاری کیا گیا ہے جسے درخواست گزار کوائف مکمل کرنے کے بعد اپنی پاسپورٹ درخواست کے ساتھ متعلقہ سفارتخانے میں جمع کروانا ہوگا تاکہ پاسپورٹ کا حصول جلد از جلد ممکن بنایا جا سکے۔ واضح رہے کہ چند ہفتے قبل چیئرمین اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل نعیم نقشبندی نے اسلام آباد میں ڈی جی پاسپورٹ سے ملاقات کی تھی جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ مختلف ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں اس سلسلے میں ہزاروں درخواستیں زیرِ التوا تھیں اور اس سہولت سے صرف حج کے خواہش مند افراد مستفید ہوں گے۔