سرگودھا میں 15 سال بعد رہا ہونے والے قیدی کو پروٹوکول دینے پر 4 اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

ضابطے کی خلاف ورزی، پیرا فورس کے افسر سمیت چار اہلکار نامزد، محکمانہ انکوائری کا حکم بھی دے دیا گیا

September 24, 2026 · اہم خبریں
سرگودھا جیل کے باہر قیدی کو پروٹوکول دینے کے معاملے پر درج کی گئی ایف آئی آر کی تصویر

سرگودھا جیل کے باہر قیدی کو پروٹوکول دینے کے معاملے پر درج کی گئی ایف آئی آر کی تصویر

سرگودھا ڈسٹرکٹ جیل سے 15 سال بعد رہائی پانے والے ایک شخص کو مبینہ طور پر شاندار پروٹوکول دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس پر سخت نوٹس لیتے ہوئے پیرا فورس کے انفورسمنٹ افسر سمیت 4 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق رہائی کے وقت پیرا فورس کے مذکورہ اہلکار سرکاری گاڑیاں لے کر ڈسٹرکٹ جیل پہنچے تھے اور انہوں نے رہا ہونے والے شخص کو باعزت طریقے سے اس کے گھر تک پہنچایا۔ اس دوران مبینہ طور پر موصوف پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

سرکاری ذرائع اور دستاویزات کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ حکام نے اس واقعے کا فوری نوٹس لیا اور ضابطے کی سنگین خلاف ورزی پر سرکاری وسائل کے غلط استعمال پر فوری کارعمل ظاہر کیا۔ متعلقہ حکام نے کارروائی کرتے ہوئے پروٹوکول فراہم کرنے والے پیرا فورس کے انفورسمنٹ افسر سمیت 4 اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ اس پورے واقعے کی شفاف محکمانہ انکوائری کا بھی حکم دیدیا گیا ہے۔