امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ

ایک ماہ کا نفاذ، عوامی اجتماعات اور اسلحے کی نمائش پر پابندی، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی

September 24, 2026 · اہم خبریں
بلوچستان میں دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد سکیورٹی کے پیش نظر سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

بلوچستان میں دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد سکیورٹی کے پیش نظر سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

کوئٹہ (نیوز ڈیسک) صوبہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر میں 1 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں تمام عوامی مقامات پر سخت حفاظتی اقدامات نافذ ہوں گے۔

محکمہ داخلہ کے معاون بابر یوسفزئی کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا بنیادی مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ریاست کی رٹ کو یقینی بنانا ہے۔ جاری کردہ حکم نامے کے تحت عوامی مقامات پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، دھرنوں، ریلیوں، مظاہروں اور اس نوعیت کی دیگر تمام سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

سرکاری نوٹیفکیشن اور جاری کردہ دستاویز کے مطابق صوبے بھر میں کسی بھی مقام پر ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، نقاب کرنے یا ایسا کوئی بھی ذریعہ استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جس سے کسی شخص کی شناخت میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہو۔

حکومت بلوچستان نے تمام متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت کے بغیر متعلقہ قوانین کے تحت فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔