لاہور میں غیر ملکی شہریوں سے فراڈ کرنے والا غیر قانونی کال سینٹر پکڑا گیا،دو ملزمان گرفتار
پانچ ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے لیے، جن میں دو لیپ ٹاپ، ایک میک بک اور دو موبائل فون شامل ہیں۔
لاہور میں غیر ملکی شہریوں سے فراڈ کرنے والا غیر قانونی کال سینٹر پکڑا گیا،دو ملزمان گرفتار
لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن پر غیر ملکی شہریوں کو ٹیلی فون کالز کے ذریعے مالی فراڈ کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے کی ٹیم نے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی سربراہی میں پارک ویو کمرشل پلازہ لاہور میں قائم غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مارا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان برطانیہ کی معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں ووڈافون، ٹیسکو اور او ٹو کے نمائندے بن کر غیر ملکی شہریوں سے رابطہ کرتے تھے اور انہیں دھوکا دے کر ان کی بینکنگ معلومات حاصل کرتے تھے۔
ملزمان مبینہ طور پر جدید سافٹ ویئر، پراکسی سرورز اور متعدد جی میل اکاؤنٹس استعمال کرتے ہوئے شہریوں کی مالی معلومات حاصل کرتے اور ان کے اکاؤنٹس سے غیر قانونی رقوم منتقل کرنے میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران این سی سی آئی اے حکام نے پانچ ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے لیے، جن میں دو لیپ ٹاپ، ایک میک بک اور دو موبائل فون شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ضبط کیے گئے آلات کا فرانزک جائزہ لیا جائے گا تاکہ مبینہ فراڈ کے طریقہ کار، دیگر ممکنہ سہولت کاروں اور مالی لین دین سے متعلق شواہد حاصل کیے جا سکیں۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر ملکی شہریوں کو پاکستان سے بیٹھ کر دھوکا دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔