پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹوں کے ساتھ آزاد کشمیر کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔

اہم انتخاب، قانون ساز اسمبلی میں پولنگ، نو منتخب صدر آج ہی حلف اٹھائیں گے۔

September 24, 2026 · اہم خبریں
آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی

آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی

مظفرآباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ حاصل کرکے آزاد جموں و کشمیر کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ وہ ریاست کے 25ویں صدر بنے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 ارکان نے صدر کے انتخاب میں حصہ لیا، جبکہ پولنگ کا عمل دوپہر 1 بجے تک جاری رہا۔ نو منتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی آج جمعرات کو ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، اور ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے باضابطہ دعوت نامے بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد جموں و کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، اور امید ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے خطے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔

علاوہ ازیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد جموں و کشمیر کا 25واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔