پشاور میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کیلیے جانے والی غلیلوں کی کھیپ پکڑی گئی
اہم پیش رفت، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کی، ڈرائیور گرفتار۔
پشاور میں پولیس کی جانب سے پکڑی جانے والی غلیلوں کی کھیپ اور تحویل میں لی گئی گاڑی کا منظر
پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متوقع لانگ مارچ کے لیے لے جائی جانے والی غلیلوں کی ایک بڑی کھیپ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ناکام بناتے ہوئے تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 23 ستمبر کو پشاور میں لانگ مارچ کے لیے جانے والی غلیلوں سے بھری ہوئی گاڑی کو روکا گیا اور اس دوران احتجاجی سامان کو موقع پر ہی نذرِ آتش کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہروں کا ماضی پرتشدد واقعات، توڑ پھوڑ اور امن و امان کے مسائل سے بھرا پڑا ہے، جس کے پیش نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب حکومتی عہدیداروں نے واضح کیا ہے کہ جب تک لانگ مارچ مؤخر نہیں کیا جاتا، اس وقت تک تحریک انصاف کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہر میں کنٹینرز صرف حفاظتی اقدامات کے طور پر رکھے گئے ہیں جو سڑک کے کنارے پڑے ہیں جبکہ ٹریفک کے لیے سڑکیں کھلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پر کسی کو بھی چڑھ دوڑنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔