ریڈیو پاکستان حملہ کیس، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت دیگر نامزد

انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت، پولیس نے پیشرفت رپورٹ جمع کرا دی، چالان کے لیے مہلت طلب

September 24, 2026 · اہم خبریں
ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت کے دوران انسدادِ دہشتگردی عدالت کا منظر

ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت کے دوران انسدادِ دہشتگردی عدالت کا منظر

پشاور کی مقامی انسدادِ دہشتگردی عدالت میں ریڈیو پاکستان پر حملے اور توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران پولیس نے اہم پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ کیس کی سماعت انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج محمد ولی نے کی۔

پولیس رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ریڈیو پاکستان کے مقام پر موجودگی کی باقاعدہ تصدیق ہو گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق پشاور پولیس نے نادرا اور لاہور فرانزک لیب سے ویڈیوز اور تصاویر کی تصدیق کرائی تھی، جس کی موصول ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، تیمور سلیم جھگڑا، عرفان سلیم، عامر چمکنی اور کامران بنگش کو نامزد کیا گیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گگیانی ایڈووکیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ تفتیشی افسر نے عدالت سے چالان پیش کرنے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو جلد از جلد چالان جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملزمان کی گرفتاری سے متعلق کارروائی کرنا پولیس کا دائرہ اختیار ہے۔