وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم، صارفین کو ریلیف نہ دینے والے پمپس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم
اہم اجلاس، ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت، باقی پمپس کو ادائیگیاں جلد مکمل ہوں گی،
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے
اسلام آباد میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر کے 10000 پیٹرول پمپس میں سے 8500 سے زائد پمپس کو ادائیگیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔
دستاویزات اور اجلاس میں پیش کی گئی بریفنگ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل دستیابی کے لیے اوگرا کا خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جبکہ ممکنہ ترسیلی تعطل کے پیش نظر اہم ڈپوؤں پر اضافی پیٹرولیم مصنوعات پہلے ہی ذخیرہ کر لی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیر پیٹرولیم نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال یا سڑکوں کی بندش کی صورت میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کسی بھی صورت متاثر نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جو پیٹرول پمپس صارفین کو فیول ریلیف اسکیم کے فوائد سے محروم کر رہے ہیں، ان کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دریں اثنا، ریلوے حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں ایندھن کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سڑکیں بند ہونے کی صورت میں ڈیزل کی ترسیل کے لیے زیادہ سے زیادہ ریلوے بوگیاں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر پیٹرولیم نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے لیے بھرپور تعاون پر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشنز کا شکریہ ادا کیا اور تمام باقی ماندہ پمپس کو بھی فوری ادائیگیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔