امریکا شرائط پوری کرے تو آبنائے ہرمز 7 روز میں کھول دیں گے، ایران

یہ شرائط نئی نہیں بلکہ ان نکات سے متعلق ہیں جو اس سے قبل اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت میں بھی زیر بحث آ چکے ہیں۔

September 25, 2026 · بام دنیا
امریکا شرائط پوری کرے تو آبنائے ہرمز 7 روز میں کھول دیں گے، ایران

امریکا شرائط پوری کرے تو آبنائے ہرمز 7 روز میں کھول دیں گے، ایران

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے ثالثوں کے ذریعے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق ایک منصوبہ پیش کیا ہے، جس پر پیش رفت کی صورت میں آبنائے ہرمز سات روز کے اندر کھولی جا سکتی ہے۔

نیویارک میں صحافیوں اور امریکی تھنک ٹینکس کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا کو ایران کی جانب سے پیش کی گئی بعض شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق یہ شرائط نئی نہیں بلکہ ان نکات سے متعلق ہیں جو اس سے قبل اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت میں بھی زیر بحث آ چکے ہیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران سمجھتا ہے کہ مجوزہ معاہدے پر امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے پہلے عمل درآمد بہتر ہوگا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ معاہدہ نومبر کے انتخابات کے بعد بھی طے کیا جا سکتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ معاہدے کے وقت کا فیصلہ امریکا پر منحصر ہے، جبکہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی شرائط پہلے زیر بحث آنے والی مفاہمت کی شقوں سے مختلف نہیں ہیں۔