وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ریلوے کے ذریعے ڈیزل کی ترسیل کا آغاز
اہم اقدام، راولپنڈی سے مال گاڑی پشاور پہنچ گئی، ترسیل روزانہ ہوگی۔
ریلوے کے ذریعے ڈیزل کی ترسیل کرنے والی مال گاڑی پشاور ریجن پہنچ گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ریلوے کے ذریعے ڈیزل کی ترسیل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ ریلوے اور متعلقہ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایندھن کی فراہمی کو بلا تعطل جاری رکھنا اور عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کا تسلسل یقینی بنانا ہے۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی براہِ راست نگرانی میں پاکستان ریلویز نے پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کے ڈپوز کو ایندھن کی ترسیل شروع کر دی ہے۔ اسی سلسلے میں راولپنڈی سے ساڑھے 7 لاکھ لیٹر ڈیزل پر مشتمل پہلی مال گاڑی کامیابی کے ساتھ پشاور ریجن پہنچ گئی ہے۔
محکمہ ریلوے کے حکام کا بتانا ہے کہ ڈیزل کی ترسیل کا یہ سلسلہ یہیں نہیں رکے گا بلکہ اس کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ دوسری مال گاڑی محمود کوٹ سے 10 لاکھ لیٹر ڈیزل لے کر آج رات تک پشاور ریجن پہنچ جائے گی۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈیزل کی یہ ترسیل روزانہ کی بنیاد پر بلا تعطل جاری رکھی جائے تاکہ ملک میں ایندھن کی کوئی قلت پیدا نہ ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریل کے ذریعے ترسیل شروع ہونے سے سڑکوں پر ٹریفک کا دبائو کم ہوگا اور ترسیل کا نظام زیادہ محفوظ اور مؤثر بنے گا۔ بروقت ایندھن کی فراہمی سے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو تقویت ملے گی اور عوام کے لیے سفری سہولیات کا تسلسل برقرار رکھنے میں بھرپور مدد ملے گی۔