ناچنے والے گھوڑے میدان میں نہیں دوڑتے، گورنر خیبرپختونخوا
علی امین گنڈاپور مشکل حالات میں کارکنوں کو آگے رکھتے اور خود پیچھے ہٹ جاتے ہیں، یہ طرزِ عمل ان کے لیے نیا نہیں۔
ناچنے والے گھوڑے میدان میں نہیں دوڑتے، گورنر خیبرپختونخوا
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی یارک ٹول پلازہ سے واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے ان پر طنزیہ تنقید کی ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور مشکل حالات میں کارکنوں کو آگے رکھتے اور خود پیچھے ہٹ جاتے ہیں، یہ طرزِ عمل ان کے لیے نیا نہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق علی امین گنڈاپور نے یارک ٹول پلازہ سے واپسی کے دوران کارکنوں کو دفعہ 144 کے نفاذ کی وجہ بتائی، تاہم ضلعی انتظامیہ کا متعلقہ نوٹیفکیشن موجود ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دفعہ 144 ڈی آئی خان کے مخصوص علاقوں میں مخصوص اوقات کے لیے نافذ تھی اور یارک ٹول پلازہ اس میں شامل نہیں تھا۔ فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی قیادت پر اپنے ہی کارکنوں کو گمراہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی قیادت کرنے والا شخص خود مشکلات سے پیچھے ہٹنے والوں میں شامل ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ کہتے ہیں کہ ناچنے والے گھوڑے میدان میں نہیں دوڑتے۔