مارچ اور دھرنے ختم کریں گے تو مذاکرات کریں گے،وزیراعظم شہباز شریف
حکومت کی جانب سے مذاکرات کو کامیاب بنانے کی کوششیں کی گئیں، تاہم بدقسمتی سے یہ کوششیں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکیں۔
مارچ اور دھرنے ختم کریں گے تو مذاکرات کریں گے،وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مارچ اور دھرنے ختم کیے جائیں تو حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مسلسل محنت اور ٹیم ورک کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کے مطابق مشکل حالات میں میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا گیا اور یہی پاکستانی قوم کی خواہش ہے کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر آگے لے جایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کو کامیاب بنانے کی کوششیں کی گئیں، تاہم بدقسمتی سے یہ کوششیں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک طرف ملک میں ترقی اور معاشی بہتری کا عمل جاری ہے، جبکہ دوسری جانب احتجاج اور دھرنوں کے باعث برآمدات، درآمدات اور صنعتی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ احتجاجی سیاست کا سب سے پہلا اثر ملکی معیشت پر پڑے گا۔
انہوں نے پی ٹی آئی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے پہیے کو دوبارہ روکنا ملک کے مفاد میں نہیں۔ سیاسی قیادت کو صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے دھرنے اور احتجاج ختم کرنے چاہئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر مارچ اور دھرنے ختم کردیے جائیں تو حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی عالمی ساکھ اور معاشی پیش رفت کو نقصان پہنچانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔