لانگ مارچ کیس، پشاور ہائیکورٹ کا عبوری ریلیف سے انکار
سماعت کے دوران جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ تمام فریقین کو سنے بغیر عدالت عبوری ریلیف نہیں دے سکتی۔
لانگ مارچ کیس، پشاور ہائیکورٹ کا عبوری ریلیف سے انکار
پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کی جانب سے لانگ مارچ سے متعلق دائر درخواست پر فوری عبوری ریلیف دینے سے انکار کردیا۔
سماعت کے دوران جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ تمام فریقین کو سنے بغیر عدالت عبوری ریلیف نہیں دے سکتی۔
پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ لانگ مارچ کو درخواست گزاروں کے حلقوں سے گزرنے کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکان قانون کے مطابق لانگ مارچ کو خوش آمدید کہیں گے اور راستے میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ جاری ہے، اس لیے معاملے میں فوری عدالتی حکم کی ضرورت ہے۔
دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے درخواست کی قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی حکم جاری کرچکی ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے مزید تیاری کے لیے وقت مانگتے ہوئے کہا کہ وہ آج دلائل کے لیے تیار نہیں ہیں اور کیس کی سماعت کل مقرر کی جائے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے لیے سماعت کل تک ملتوی کردی۔