حوثیوں کیخلاف پاکستانی فائٹر طیارے استعمال نہیں ہو رہے، نیویارک ٹائمز کی رپورٹ مسترد
سخت تردیدی بیان، خبر کو من گھڑت قرار دے دیا، قیاس آرائیوں سے گریز کی ہدایت کی گئی۔
پاک فضائیہ کے طیاروں کی پرواز کا ایک منظر۔
حکومتِ پاکستان نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی اس خبر کو سخت الفاظ میں رد اور من گھڑت قرار دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاک فضائیہ کے جنگی طیارے یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیوں میں استعمال ہو رہے ہیں۔ وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیویارک ٹائمز کی جانب سے پاکستانی طیاروں کے استعمال کی خبر مکمل طور پر جھوٹی، بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔
بیان میں عالمی میڈیا ہاؤسز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستانی مسلح افواج کی کسی بھی ممکنہ تعیناتی سے متعلق قیاس آرائیوں اور غیر تصدیق شدہ خبروں سے گریز کریں۔ وزارتِ اطلاعات نے مزید واضح کیا کہ اگر مسلح افواج کی کوئی بھی تعیناتی لازمی یا ضروری ہوئی، تو اس کی تمام تر تفصیلات مجاز اور متعلقہ حکام کی جانب سے خود باضابطہ طور پر جاری کی جائیں گی۔