حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا

عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ، اوگرا کا نوٹیفکیشن جاری، نئی قیمتوں کا اطلاق 9 اکتوبر ہوگا۔

October 8, 2026 · اہم خبریں
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن اور اعداد و شمار

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن اور اعداد و شمار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتیں نافذ کر دی گئی ہیں۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 31 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 398 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 78 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ڈیزل کی نئی قیمت 395 روپے 72 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ قیمتیں حکومتی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار اور عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ساتھ منسلک ہیں۔ دستاویز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ ردوبدل کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 9 اکتوبر 2026 کے لیے ہوگا۔