پنجاب سے لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں قافلے شریک ہوں گے،سلمان اکرم راجہ
ایسا کوئی لائحہ عمل بھی اختیار نہیں کیا جائے گا جس سے بے گناہ افراد کا خون بہے۔
پنجاب سے لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں قافلے شریک ہوں گے،سلمان اکرم راجہ
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کسی ایسے معاہدے کا حصہ نہیں بنے گی جو اصولوں کے خلاف ہو، جبکہ ایسا کوئی لائحہ عمل بھی اختیار نہیں کیا جائے گا جس سے بے گناہ افراد کا خون بہے۔
لاہور ہائیکورٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی بارہا واضح کر چکی ہے کہ عوام کی جانیں ان کے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔ ان کے بقول، جماعت کسی بھی ایسی حکمت عملی کا حصہ نہیں بنے گی جس کے نتیجے میں بے گناہوں کو نقصان پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کو بے گھر ہونے سے بچانا چاہتی ہے اور ہر قسم کی مشکلات برداشت کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پارٹی کی ذمہ داریوں کے ساتھ وہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے مقدمات پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب سے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کی جائے گی اور بڑی تعداد میں قافلے اس کا حصہ بنیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے پشاور میں کارکنوں کو مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فسطائیت کا ماحول ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو۔