پشاور میں اہم شاہراہیں بند،ریڈ زون سیل،ٹریفک کے لیے متبادل پلان جاری
یہ اقدامات پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور ممکنہ احتجاج کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔
پشاور میں اہم شاہراہیں بند،ریڈ زون سیل،ٹریفک کے لیے متبادل پلان جاری
پشاور: سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پشاور کی اہم شاہراہوں کو بند کرکے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر کنٹینرز نصب اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی آمدورفت کو متبادل راستوں پر منتقل کرنے کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بند سڑکوں پر جانے سے گریز کریں اور سفر کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔
تقریباً آدھا پشاور سیل، اہم راستوں پر کنٹینرز موجود
وزیراعلی سہیل آفریدی بھی وزیراعلی ہاؤس میں محصور
پشاور ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا pic.twitter.com/S2fqj164Xf
— Kamran Ali (@akamran111) October 11, 2026
بند کیے گئے راستوں میں اسمبلی چوک سے تہکال، خیبر روڈ اور امن چوک، صدر سواتی پھاٹک سے گلبرگ چوک، باچا خان چوک سے سوری پل اور کبابیان چوک سے مچنی چنکی تک کے راستے شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ اقدامات پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور ممکنہ احتجاج کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے ٹریفک کی تازہ صورتحال معلوم کریں اور پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔