لانگ مارچ برقرار ہے ، خیبر پختونخوا کی قیادت سے رابطہ نہیں ، سلمان اکرم راجہ

آپ سمجھتے ہیں کہ آپ جیت گئے؟ آپ ہار گئے ہو، پاکستان میں اس راستے سے امن نہیں آئے گا، علامہ ناصر عباس

October 11, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی کی جانب سے لانگ مارچ کا اعلان اب بھی برقرار ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

اتوار کو خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کا جو اعلان سہیل آفریدی نے کیا تھا، اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اب یہ آگے کیسے بڑھے گا، وہاں کیسے حالات ہیں، بربریت کی کیا نوعیت ہے وہ مقامی قیادت بہتر جانتی ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ ان کا فی الحال پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت سے کوئی رابطہ نہیں ، ہم سیاسی لائحہ عمل اپنائیں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ احتجاج کرنا عوام کا بنیادی اور آئینی حق ہے۔

دوسری جانب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران وفاقی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ آپ جیت گئے؟ آپ ہار گئے ہو، پاکستان میں اس راستے سے امن نہیں آئے گا۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ مذاکرات کے دوران حکومتی کمیٹی نے شرط عائد کی کہ وزیر اعظم سے ملاقات لانگ مارچ کو ختم کرنے کے اعلان کے بعد ہی ہو سکتی ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس کا مزید کہنا تھا کہ ’لانگ مارچ آئین اور قانون کے مطابق ہے۔ وہ پر امن تھا وہ لکی مروت سے چلا اور پشاور تک آیا، مردان تک آیا۔ کوئی امن و امان کی خلاف ورزی ہوئی ہے وہاں پر؟

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے دہشتگردی سے متعلق خود غلط پیش گوئی کی، بیانیہ بنایا اور پھر یہ اقدام (ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ) کیا۔