لانگ مارچ ہو گا یا نہیں ؟صوابی سے پی ٹی آئی کے 59 کارکنان گرفتار
جہانگیرہ پل، پشاور-اسلام آباد موٹر وے پر دریائے سندھ پل اور دیگر اہم مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے
صوابی: خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد ضلع صوابی میں پولیس نے کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 59 کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ گرفتاریاں ضلع کے مختلف علاقوں میں کی گئی ہیں، جہاں انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ پیر کے روز صوابی میں پی ٹی آئی کا ایک بڑا لانگ مارچ ہونا تھا، تاہم صوبے میں ہنگامی صورتحال اور ایمرجنسی کے نفاذ کے باعث یہ مارچ اب منعقد نہیں ہو سکے گا۔
دوسری جانب امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلع کے اہم راستوں پر حفاظتی اقداماتتیز کر دیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جہانگیرہ پل، پشاور-اسلام آباد موٹر وے پر دریائے سندھ پل اور دیگر اہم مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا غیر قانونی اجتماع کو روکا جا سکے۔ تاہم متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام سڑکیں عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھلی ہیں۔
انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ صوبے میں رائج ایمرجنسی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں اور امن عامہ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔