لیاقت بلوچ سے اسد قیصر کا رابطہ، خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو
جماعت اسلامی حکومت کے اس اقدام کو بدنیتی پر مبنی سمجھتی ہے اور اسے آئینی عدالت میں چیلنج کرنے کا راستہ اختیار کر سکتی ہے۔
لیاقت بلوچ سے اسد قیصر کا رابطہ، خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو
لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران اسد قیصر نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے معاملے پر بھی بات کی۔ لیاقت بلوچ نے یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی مجوزہ کانفرنس میں شرکت کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے تناظر میں سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کے اس اقدام کو بدنیتی پر مبنی سمجھتی ہے اور اسے آئینی عدالت میں چیلنج کرنے کا راستہ اختیار کر سکتی ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ آئین کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق اپنی غلطی تسلیم کرے اور سنگین اقدامات واپس لے کر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات شروع کرے۔
نائب امیر جماعت اسلامی کے مطابق اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی، راجہ ناصر عباس اور بیرسٹر گوہر مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں حکومت کی جانب سے مذاکرات سے انکار غیر جمہوری اور آمرانہ طرزِ عمل ہوگا۔