عالمی مالیاتی فنڈ نے رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کردیا
عالمی رپورٹ جاری، مہنگائی 9.9 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ، حکومتی ہدف سے متصادم۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ عالمی اقتصادی صورتحال کی رپورٹ کا تخمینہ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنی تازہ ترین ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے جس میں رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 7.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ رواں مالی سال کے دوران مہنگائی بڑھ کر 9.9 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔ یہ نئی پیشگوئی حکومت کے مقرر کردہ 8.2 فیصد ہدف سے بھی زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ، ادارے نے رواں مالی سال پاکستان کی معاشی نمو 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا ایک فیصد متوقع ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں بے روزگاری کی شرح 6.5 فیصد رہے گی۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع اور توانائی کی فراہمی و قیمتوں پر اس کے اثرات کے باعث خطے میں مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ دریں اثنا، حکام نے معاشی ترقی کا ہدف 4 فیصد حاصل کرنے کی توقع ظاہر کی تھی تاہم عالمی ادارے کے تخمینے اس سے مختلف ہیں۔