بحرین اور کویت میں ایرانی فضائی حملوں کا دعویٰ، دفاعی نظام نے متعدد ڈرون ناکام بنا دیے

خلیجی خطے میں کشیدگی، بحرینی وزارتِ داخلہ کی طرف سے الرٹ جاری، کویت کے علی السالم اڈے کو نشانہ بنانے کی تصدیق

November 18, 2026 · بام دنیا
بحرین اور کویت میں ایرانی فضائی حملوں کا دعویٰ، دفاعی نظام نے متعدد ڈرون ناکام بنا دیے

بحرین اور کویت میں ایرانی فضائی حملوں کا دعویٰ، دفاعی نظام نے متعدد ڈرون ناکام بنا دیے

منامہ اور کویت سٹی (نیوز ڈیسک) خلیجی خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بحرین اور کویت پر فضائی حملوں کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ بحرین کی دفاعی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو کامیابی سے روک لیا ہے۔ بحرینی حکام نے تہران پر ملک کو مسلسل نشانہ بنانے اور دشمنانہ طرزِ عمل اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بحرین کی دفاعی افواج نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کا رویہ منظم اور مسلسل دشمنی پر مبنی ہے اور وہ بحرین کو باقاعدہ نشانہ بنا رہا ہے۔ واضح رہے کہ بحرین میں امریکی بحریہ کا 5واں بیڑا بھی موجود ہے، جس کی وجہ سے یہ خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ بحرین کی وزارتِ داخلہ نے صورتحال کے پیش نظر شہریوں اور رہائشیوں کے لیے سکیورٹی انتباہات جاری کیے، جن میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی، اور بعد ازاں خطرہ ٹلنے پر معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کیا گیا۔

دوسری جانب ایرانی فوج نے کویت میں واقع علی السالم اڈے پر موجود امریکی تنصیبات پر ڈرون حملوں کی تصدیق کی ہے۔ ایرانی عسکری حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران امریکی فضائی دفاعی نظام اور ڈرون و میزائل لانچرز کو ہدف بنایا گیا۔ ایرانی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اپنی سلامتی کے دفاع میں کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گی اور کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

کویت کی فوج نے ان حملوں کے تناظر میں بتایا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے مشتبہ دشمن ڈرون حملوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا۔ کویتی جنرل ہیڈکوارٹرز نے واضح کیا کہ مختلف علاقوں میں سنائی دینے والی دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن ڈرونز کو فضا میں تباہ کرنے کی کارروائیوں کا نتیجہ تھیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال میں سکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔