کراچی میں کینیڈا پلٹ معمر میاں بیوی کے قتل کا مقدمہ درج
سرسید تھانے میں مقدمہ درج، پولیس حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا
ناگن چورنگی کے قریب گھر سے میاں بیوی کی لاشیں ملنے کے بعد پولیس اور کرائم سین یونٹ جائے وقوعہ پر موجود ہے۔
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی ناگن چورنگی کے قریب گھر سے کینیڈا پلٹ معمر میاں بیوی کی تشدد زدہ لاشیں ملنے کے واقعے کا مقدمہ سرسید تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع اور دستیاب دستاویز کے مطابق مقدمہ مقتول محمد یامین کے بھائی محمد انور کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقتولین میں 70 سالہ محمد یامین اور اس کی 65 سالہ اہلیہ نفیس اختر شامل ہیں جو کہ 3 بچوں کے والدین تھے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی محمد انور نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے بھائی اور بھابھی حال ہی میں کینیڈا سے واپس آئے تھے اور اپنے مکان میں تزئین و آرائش کا کام کروا رہے تھے۔ اس سے قبل مذکورہ مکان میں ان کی بہن فیملی کے ہمراہ رہائش پذیر تھی جسے مقتول نے واپس آکر خالی کروالیا تھا۔ مدعی کے مطابق بدھ کی صبح جب ان کے رشتہ دار نے گھر پر رابطہ کیا اور دروازہ نہ کھلنے پر اطلاع دی تو وہ ڈپلیکیٹ چابی لے کر گھر داخل ہوئے جہاں ٹی وی لاؤنچ کے فرش پر دونوں میاں بیوی کی خون میں لت پت لاشیں پڑی تھیں۔ واقعے کے فوراً بعد مددگار 15 پر اطلاع دی گئی اور لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئیں۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق مقتولین کے سروں پر متعدد سخت اور بھاری چیز کے وار سے چوٹیں پائی گئی ہیں جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم میں زہریلی اشیاء یا زیر خوارنی کے امکانات کی جانچ کے لیے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ڈکیتی کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔ گھر میں مرمتی کام کے دوران آنے والے مزدوروں اور دیگر پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔
ادھر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ایس ایس پی سینٹرل سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ مقتولین کے ورثاء کے مطابق ان کے بچے جمعے کے روز کینیڈا سے کراچی پہنچیں گے جس کے بعد نماز جنازہ اور تدفین کا عمل انجام دیا جائے گا۔