دہشت گردی کی ہمیشہ مذمت کی، پاک فوج کے ساتھ ہیں، شوکت یوسفزئی

دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر کارروائی شروع کی گئی، لیکن ان کے بقول اس کے بجائے پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

October 16, 2026 · قومی
دہشت گردی کی ہمیشہ مذمت کی، پاک فوج کے ساتھ ہیں، شوکت یوسفزئی

دہشت گردی کی ہمیشہ مذمت کی، پاک فوج کے ساتھ ہیں، شوکت یوسفزئی

پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور اس کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر کارروائی شروع کی گئی، لیکن ان کے بقول اس کے بجائے پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کا مقصد دہشت گردی ختم کرنا ہے یا پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی طور پر ختم کرنا؟ ان کا الزام تھا کہ پارٹی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور گھروں کی چادر و چار دیواری کے تقدس کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر پہلے بھی مذاکرات ہو چکے ہیں اور پی ٹی آئی ہمیشہ اس کی مذمت کرتی آئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت دہشت گردی کی کسی صورت حمایت نہیں کرتی اور اس کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔

سابق صوبائی وزیر نے پولیس کو فنڈز فراہم نہ کیے جانے کے الزامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی بجٹ کا 2 فیصد پولیس کے لیے مختص کیا۔ ان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ پُرامن احتجاج سے متعلق تھا، لیکن ان کے بقول اصل مطالبات پس منظر میں چلے گئے ہیں۔ شوکت یوسفزئی نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور پوری جماعت کو دہشت گردوں کا حامی قرار دینے کے تاثر کو بھی غلط قرار دیا۔