دہلی میں اسموگ کم کرنے کیلئے پانی کی باریک پھوار سڑکوں پر پھینکی جانے لگی

شہر کے بیس سے زائد آلودہ مقامات پر ایک ہزار کھمبوں پر اسپرے سسٹم نصب

November 13, 2026 · بام دنیا

دہلی میں اسموگ کم کرنے کیلئے پانی کی باریک پھوار سڑکوں پر پھینکی جانے لگی

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی اور شدید اسموگ خطرناک حد تک بڑھنے کے بعد مقامی انتظامیہ نے فضا سے گرد و غبار ختم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر پانی کی باریک پھوار اور اینٹی اسموگ گنز کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

دہلی کے محکمہ تعمیرات عامہ اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے شہر کے 20 سے زائد آلودہ ترین مقامات پر تقریباً ایک ہزار اسٹریٹ لائٹ پولز پر جدید مسٹ اسپرے سسٹمز نصب کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ مشینیں روزانہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک دو شفٹوں میں کام کرتی ہیں اور فی گھنٹہ دو ہزار لیٹر تک فلٹر شدہ پانی کے انتہائی باریک قطرے فضا میں چھوڑتی ہیں تاکہ ہوا میں معلق آلودہ ذرات زمین پر بیٹھ جائیں۔

اس کے ساتھ ساتھ انڈیا گیٹ، کرتویہ پتھ، رنگ روڈ اور آئی ٹی او سمیت مصروف شاہراہوں پر خصوصی ٹرکوں پر نصب اینٹی اسموگ گنز بھی مسلسل گشت کر رہی ہیں۔

تاہم ماحولیاتی ماہرین نے اس اقدام کو محض ایک عارضی ریلیف قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جب تک ٹریفک کے دھوئیں اور صنعتی آلودگی پر قابو نہیں پایا جاتا، پانی کے چھڑکاؤ سے اسموگ کے بحران کا مستقل حل ممکن نہیں۔