لاہور: شیر کے حملے میں نوجوان کی ہلاکت، ورثا نے گرفتار دونوں ملزمان کو معاف کردیا

عدالت نے راضی نامے کے بعد ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا

November 14, 2026 · قومی

لاہور: شیر کے حملے میں نوجوان کی ہلاکت، ورثا نے گرفتار دونوں ملزمان کو معاف کردیا

لاہور: کاہنہ میں شیر کے حملے سے نوجوان طلحہ کی ہلاکت کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں جاں بحق نوجوان کے ورثا نے اللہ کی رضا کی خاطر گرفتار دونوں ملزمان کو معاف کردیا، جس کے بعد عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔

ماڈل ٹاؤن کچہری میں مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ قیصر ریاض نے کی۔ اس موقع پر پولیس نے گرفتار ملزمان فیاض احمد اور نعمان حسن کو عدالت میں پیش کیا اور تفتیش کے لیے دونوں کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔

دورانِ سماعت مقتول طلحہ کے قانونی ورثا بھی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ کی رضا کی خاطر دونوں ملزمان کو معاف کرتے ہیں۔ ورثا کی جانب سے اپنے بیان کے ساتھ بیانِ حلفی بھی عدالت میں جمع کرایا گیا۔

دوسری جانب سرکاری وکیل نے راضی نامے کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے سنگین جرم کیا ہے، لہٰذا ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

تاہم عدالت نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان فیاض احمد اور نعمان حسن کی 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی اور ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔