غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی اور ڈرون حملوں میں مزید 3 فلسطینی شہید

رفح اور المواصی میں کارروائیاں، مغربی کنارے سے 2 بھائی گرفتار۔

November 16, 2026 · بام دنیا
غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد تباہ شدہ مقام کا منظر۔

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد تباہ شدہ مقام کا منظر۔

 

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے مسلسل فضائی اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے ،متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

طبی ذرائع کے مطابق دو فلسطینی جنوبی غزہ میں رفح کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بنے، جبکہ تیسرا شہری گزشتہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گیا۔ ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق یہ واقعات 15 نومبر 2026ء کو پیش آئے، جن کی تفصیلات 16 نومبر کو جاری کی گئیں۔

طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے جنوبی غزہ کے علاقے المواصی میں مسجد معاویہ کے قریب ایک مقام کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں احمد سعید فتحی عابدین اور معتز حاجی شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ غزہ کی کراسنگ اتھارٹی کے ایک اہلکار کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی جگہ وزارتِ معیشت کی ایک چوکی تھی، جہاں سے کرم ابو سالم سرحدی گزرگاہ کے ذریعے غزہ میں داخل ہونے والے تجارتی سامان سے لدے ٹرکوں کی نگرانی کی جاتی تھی۔ شہدا میں شامل 34 سالہ احمد سعید عابدین اسی مقام پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔

دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی سکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیوں میں علاقے میں داخل ہوئے اور متعدد گھروں کی تلاشی لی، جس دوران گھریلو سامان کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے کارروائی کے دوران ماہر اور سلام ابو عامر نامی دو بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔ چھاپوں کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے تشدد سے 4 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فلسطینی ہلال احمر کے طبی عملے نے موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی۔