این سی سی آئی اے لاہور کا سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن،9 خواتین سمیت 130 ملزمان گرفتار
بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن، 276 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد، متاثرین کو تین کروڑ روپے سے زائد واپس دلوائے گئے
این سی سی آئی اے لاہور کا سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن،9 خواتین سمیت 130 ملزمان گرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 9 خواتین سمیت 130 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے 276 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کی گئیں۔ مختلف مقدمات میں متاثرین کو 3 کروڑ ایک لاکھ 79 ہزار 122 روپے بھی واپس دلوائے گئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی اور نائجیرین باشندوں سے منسلک آن لائن سرمایہ کاری فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ڈی ایچ اے فیز 8 میں پرائم لنک پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے ایک چینی شہری فین لو اور تین خواتین سمیت 35 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 40 کمپیوٹرز، 34 موبائل فون اور آئی پیڈ برآمد کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ اے فیز 6 میں دو مقامات پر کارروائیوں کے دوران تین چینی باشندوں اور پانچ خواتین سمیت 23 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے 23 کمپیوٹرز اور 30 موبائل فون تحویل میں لیے گئے۔
حکام کے مطابق ملزمان جعلی فیس بک اکاؤنٹس پر خواتین کی تصاویر اور فرضی نام استعمال کرکے غیر ملکی شہریوں کو جھانسہ دیتے اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے انہیں لوٹتے تھے۔
غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف پانچ کارروائیوں میں 62 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 100 لیپ ٹاپ، 14 کمپیوٹرز، 73 موبائل فونز اور دو سرورز سمیت 189 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کی گئیں۔ جعلی کال سینٹرز میں کام کرنے والے ملزمان ٹیلی کام نمائندے بن کر امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کے شہریوں سے فراڈ کرتے اور چوری شدہ کارڈز کے ذریعے کارڈنگ میں ملوث تھے۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں کا خفیہ ڈیٹا فروخت کرنے کے الزام میں نجی بینک کے آپریشنل منیجر ارسلان احمد کو بھی گرفتار کرلیا۔ ملزم نے نادرا ویری سس کے ذریعے 842 غیر مجاز تصدیقیں کیں۔ وہ فی تصدیق 130 سے 150 روپے ایزی پیسہ کے ذریعے وصول کرکے شہریوں کی شناختی معلومات واٹس ایپ پر فروخت کرتا تھا۔
بچوں کے جنسی استحصال کا مواد پھیلانے اور بلیک میلنگ میں ملوث چار ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ ریاستی اداروں کے خلاف توہین آمیز مہم چلانے والے دو ملزمان بھی پکڑے گئے۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے گوجرانوالہ نے ایک خاتون کو بلیک میل کرنے اور قابل اعتراض ڈیٹا شیئر کرنے کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق انتظامی سطح پر گوجرانوالہ کو این سی سی آئی اے لاہور زون میں شامل کرکے اس کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کے سپرد کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ ڈیجیٹل آلات کا فرانزک تجزیہ جاری ہے، جبکہ ملکی و غیر ملکی سرپرستوں اور مالی لین دین تک تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر نے کہا کہ چائلڈ پورنوگرافی کے متعدد ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں اور ادارے نے ایک ہفتے کے دوران کئی کارروائیاں کی ہیں۔ پنجاب میں کوئی غیر قانونی کال سینٹر نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شکایات پر اپنے ہی پانچ ملازمین کو ملازمت سے برخاست کیا گیا ہے، جبکہ غیر قانونی کال سینٹرز گھروں میں منتقل ہوگئے ہیں۔