سسٹم خود تباہ نہیں ہوا،ری سیٹ کی ضرورت ہے لیکن غیر سیاسی نہیں سیاسی ہونا چاہیے،بلاول بھٹو
کراچی میں میٹ دی پریس سے خطاب، بلاول بھٹو نے پارلیمان کی بالادستی، سیاسی مفاہمت اور عوامی مسائل کے حل پر زور دیا
سسٹم خود تباہ نہیں ہوا،ری سیٹ کی ضرورت ہے لیکن غیر سیاسی نہیں سیاسی ہونا چاہیے،بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سسٹم خود تباہ نہیں ہوا، اسے تباہ کیا گیا، سسٹم کی بہتری کا جو علاج بتایا جارہا ہے وہ درست نہیں، ری سیٹ کی ضرورت ہے لیکن غیر سیاسی نہیں سیاسی ہونا چاہیے۔
کراچی میں میٹ دی پریس سے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ سسٹم تباہ ہونے کی بات لاہور سے شروع ہوئی، سسٹم کیوں تباہ ہوا؟اس پر کوئی بات نہیں کرتا، سسٹم خود تباہ نہیں ہوا، اسے تباہ کیا گیا، سسٹم کی بہتری کا جو علاج بتایا جارہا ہے وہ درست نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سسٹم کی تباہی کے ذمہ دار ہم سب ہیں، تمام اداروں کو عوام میں اپنا اعتماد بحال کرنا ہوگا، سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہے تو پارلیمان سے شروع کیا جائے، پارلیمان میں اختلاف رائے جمہوریت کی طاقت ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ پر اعتماد نہیں، اپوزیشن کا کام ہی حکومت پر تنقید کرنا ہے، مولانا فضل الرحمان کی ذمہ داری ہے وہ تنقید کریں، اپوزیشن کے پاس پارلیمنٹ پر اعتماد نہ ہونے کی وجوہات ہیں، حکومت مولانا فضل الرحمان کا پارلیمان پر اعتماد بحال کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی معاشی مشکلات کا اندازہ ہے،ذاتی طور پر خوفزدہ ہوں، مہنگائی تیزی سے بڑھ رہی ہے،عام آدمی کا گزارہ کیسے ہوگا؟ لوگ خوف سے بجلی کے بل کو دیکھتے ہیں، سوچتاہوں غریب، مزدور اور محنت کشوں کا کیا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاستدان اصل مسائل کو بھول چکے ہیں، نفرت اور تقسیم کی بات کرتے ہیں لیکن اصل مسائل پر توجہ نہیں، ملکی تاریخ میں ہم نے بہت مشکل وقت دیکھا، بین الاقوامی حالات سب کے سامنے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ فضل الرحمان نے پی ڈی ایم میں جو کردار ادا کیا اسی وجہ سے آج یہ حکومت میں ہیں، پی ٹی آئی کا بھی اعتماد بحال کرنا ہوگا، میں پسند کروں یا نہیں،اپوزیشن کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلی بار حکومت اور اپوزیشن دونوں نے کہا الیکشن میں دھاندلی ہوئی، اگر چاہتے ہیں سسٹم ری سیٹ ہو،پارلیمان کام کرے تو انتقامی کارروائیاں بند کرنا ہوں گی، سیاست میں انتقامی کارروائیوں کی روایت ختم کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے،تب یہ سسٹم چلے گا، کمر توڑ کر کہتے ہیں گرے کیوں؟ آج نہیں تو کل،ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، جو بھی وزیراعظم بنتا ہے وہ جیل جاتا ہے، جو جیل سے باہر نکلتا ہے وہ وزیراعظم بن جاتا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اپوزیشن کی ریزرو سیٹس کو چھین کر اپنی جیب میں ڈالا گیا، آپ دو ترامیم لے آئے اور تیسری ترمیم کا سوچ رہے ہو۔