اسلام آباد میں گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار، 30 نومبر سے سخت کریک ڈاؤن کا اعلان

ماحولیاتی آلودگی کا تدارک، ٹرانسپورٹ یونین کو ہدایات جاری، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی۔

November 17, 2026 · قومی
اسلام آباد میں گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار، 30 نومبر سے سخت کریک ڈاؤن کا اعلان

اسلام آباد میں گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار، 30 نومبر سے سخت کریک ڈاؤن کا اعلان

وفاقی دارالحکومت کو سموگ سے پاک بنانے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کی فٹنس اور دھوئیں کے اخراج سے متعلق اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان کی زیر صدارت اسلام آباد، راولپنڈی گڈز ٹرانسپورٹ یونین اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گاڑیوں کی فٹنس، سموگ کے خاتمے اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے متعلق امور زیر غور آئے۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ یونین کو 30 نومبر تک اپنی گاڑیوں کو سموگ فری بنانے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اس لیے وفاقی دارالحکومت کو سموگ فری بنانا اولین ترجیح ہے اور شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کے دوران طے پانے والے فیصلوں کے تحت ریت، بجری اور سیمنٹ لے جانے والی گاڑیوں کو ترپال سے ڈھانپنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے اور اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی فوری کارروائی کی جائے گی۔ چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا تھا کہ اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پہلے ہی جاری ہیں اور ڈیڈ لائن کے بعد کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداروں نے سموگ کے خاتمے اور ٹریفک قوانین پر مکمل عمل درآمد کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔