لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہر شدید سموگ کی لپیٹ میں، اے کیو آئی خطرناک سطح پر پہنچ گیا
شدید فضائی آلودگی، لاہور میں اوسط شرح 366 ریکارڈ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت
لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہر شدید سموگ کی لپیٹ میں، اے کیو آئی خطرناک سطح پر پہنچ گیا
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہر ایک بار پھر شدید فضائی آلودگی اور سموگ کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں سموگ کی اوسط شرح 366 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک حد تک بلند ہو چکا ہے۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ دستاویزات کے مطابق علامہ اقبال ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 593، سمن آباد میں 554 جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 503 تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی کے اس خطرناک تناسب نے ماحول کو شدید متاثر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 12 اور زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد اور ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، اس کے علاوہ آج بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
صوبے کے دیگر شہروں کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس 533، قصور میں 481، گوجرانوالہ میں 429، خانیوال میں 412 جبکہ فیصل آباد میں 318 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور باہر جاتے وقت لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بھی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔