روس کے علاقے سائبیریا میں فوجی مال بردار طیارہ گر کر تباہ، 19 افراد ہلاک

بڑا فضائی حادثہ، تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا، تحقیقات شروع کر دی گئیں

November 18, 2026 · بام دنیا
روس کے علاقے سائبیریا میں فوجی مال بردار طیارہ گر کر تباہ، 19 افراد ہلاک

روس کے علاقے سائبیریا میں فوجی مال بردار طیارہ گر کر تباہ، 19 افراد ہلاک

روس کے علاقے سائبیریا میں ایک فوجی مال بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے۔ روسی سرکاری میڈیا اور وزارت دفاع کے مطابق این-12 طیارہ معمول کی پرواز پر تھا جب وہ جنوب مغربی سائبیریا کے کیمیرووو میں یگونووو گاؤں کے قریب ایک غیر آباد علاقے میں حادثے کا شکار ہوا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے، جبکہ روسی ہوا بازی کے متعلقہ حکام نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ مقامی گورنر الیا سیریدوک نے طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے فورا بعد امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا جنہوں نے موقع پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا، جبکہ پولیس نے سکیورٹی کے پیش نظر پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر بند کر دیا ہے۔

عالمی اور مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اے این 12 سوویت دور میں تیار کیا گیا 4 انجنوں والا ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہے، جسے فوجی اہلکاروں اور ضروری سازوسامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ روسی حکام کی جانب سے حادثے کے اسباب اور دیگر تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔