پاکستان کی آئی ٹی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

معاشی بہتری کی نوید، آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ، غیر ملکی قرضوں میں بھی بڑا اضافہ ریکارڈ۔

November 18, 2026 · کامرس
پاکستان کی آئی ٹی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ایکسپورٹ ماہانہ بنیادوں پر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ 45 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہیں جو ملکی تاریخ میں کسی ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ برآمدات ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں سالانہ بنیادوں پر آئی ٹی برآمدات میں 17.4 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 4.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ یعنی جولائی سے اکتوبر کے دوران آئی ٹی کی برآمدات کا حجم ایک ارب 73 کروڑ ڈالرز رہا، اور اس مدت میں آئی ٹی برآمدات میں مجموعی طور پر 18 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ مالی سال 26-2025 کے دوران پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ ریکارڈ 4 ارب 60 کروڑ ڈالرز رہیں تھیں، جس میں سالانہ بنیادوں پر 20.6 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

دوسری جانب وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2026-27 کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران ملک کو غیر ملکی قرضوں اور مالی معاونت کی مد میں مجموعی طور پر 5 ارب 89 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 157 فیصد زیادہ ہیں۔ وزارت اقتصادی امور کے اعداد و شمار کے مطابق اس 4 ماہ کی مدت میں پاکستان نے مختلف ذرائع سے 5 ارب 85 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے، جبکہ 3 کروڑ 61 لاکھ ڈالر گرانٹس کی صورت میں موصول ہوئے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اکیلے اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان کو غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر 44 کروڑ 15 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔