لاہور کو سال 2027 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کا ٹورازم کیپیٹل قرار دے دیا گیا
اہم اعزاز، آذربائیجان کے شہر شوشا میں تقریب، سیکرٹری سیاحت پنجاب نے سند وصول کی
لاہور کو سال 2027 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کا ٹورازم کیپیٹل قرار دے دیا گیا
لاہور کو باضابطہ طور پر سال 2027 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا ٹورازم کیپیٹل نامزد کر دیا گیا ہے۔ آذربائیجان کے تاریخی شہر شوشا میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے یہ اعزاز حکومت پنجاب کے نمائندے کے حوالے کیا۔
سرکاری دستاویزات اور تقریب کی تفصیلات کے مطابق، سیکرٹری محکمہ سیاحت، آثار قدیمہ و عجائب گھر پنجاب سقراط امان رانا نے حکومت پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز وصول کیا۔ تقریب میں ای سی او کے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام، سیاحتی شعبے کے نامور نمائندوں اور مختلف ممالک کے سفارتی وفود نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اعزاز ملنے کے بعد سال 2027 کے دوران لاہور میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سرکاری اجلاسوں سمیت مختلف عالمی درجے کی سیاحتی اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان تقریبات میں روایتی بسنت فیسٹیول اور لاہور بینالے کے علاوہ سال بھر جاری رہنے والی دیگر ثقافتی سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی۔ ان تقریبات کا بنیادی مقصد لاہور کے تاریخی مقامات، منفرد فن تعمیر، روایتی فنون، لذیذ کھانوں اور پنجاب کی بھرپور ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
تقریب کے موقع پر منعقدہ سیاحتی نمائش میں پاکستان کی جانب سے ایک خصوصی پویلین قائم کیا گیا، جہاں ملک کے تاریخی ورثے اور اہم سیاحتی مقامات کو متعارف کروایا گیا۔ سیکرٹری سیاحت پنجاب سقراط امان رانا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز لاہور اور پاکستان کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں صوبے بھر میں تاریخی ورثے کے تحفظ، سیاحتی سہولیات کی بہتری اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے ای سی او کے رکن ممالک اور دنیا بھر سے سیاحوں اور سرکاری وفود کی بڑی تعداد میں لاہور آمد متوقع ہے۔ تقریب کے اختتام پر سیکرٹری سیاحت نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے تقریب کے شرکاء میں یادگاری تحائف بھی تقسیم کیے۔