ٹرینی ڈاکٹروں کو تربیت مکمل نہ ہونے تک شادی سے گریز کا مشورہ

ریزیڈنسی کی مدت مکمل ہونے تک شادی نہ کریں ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ کا انوکھا اقدام

November 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے ٹرینی ڈاکٹروں کو انوکھا مشورہ دے ڈالا اور کہا ہے کہ تربیت مکمل ہونے تک شادی نہ کریں اور اسپتال سے جاری نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں (پی جی ٹیز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ریزیڈنسی ٹریننگ کامیابی سے مکمل ہونے تک شادی جیسے اہم ذاتی فیصلے بھی مؤخر کردیں اور فی الحال اپنی تمام تر توجہ اسپتال، مریضوں، تعلیم اور تحقیق پر مرکوز رکھیں۔

میڈیکل ڈائریکٹر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر خالد خان کے دفتر سے جاری ہونے والے آفس آرڈر میں کہا گیا ہے کہ شعبہ طب کے تمام پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں کی بنیادی توجہ کلینیکل ڈیوٹیز، مریضوں کی دیکھ بھال، تعلیمی سرگرمیوں اور تحقیقی تقاضوں پر ہونی چاہیے،۔

ٹرینی ڈاکٹروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ریزیڈنسی کی مدت مکمل ہونے تک شادی جیسے ذاتی معاملات سے گریز کریں اور انتظامیہ نے اپنے نوٹیفکیشن میں تمام ٹرینی ڈاکٹروں سے اس مشورے پر مثبت انداز میں عمل کرنے کی توقع بھی ظاہر کی ہے۔