استعمال شدہ چینی فونز کیا ہیں اور پاکستان میں کیسے آرہے ہیں

خریدار ٹوٹی ہوئی اسکرین اور خراب حالت والے فون بھی خریدنے سے گریز نہیں کرتے، کیونکہ انہیں اپنے ممالک میں مرمت کرکے فروخت کرنے سے اچھا منافع حاصل ہوتا ہے۔

November 20, 2026 · بام دنیا
استعمال شدہ چینی فونز کیا ہیں اور پاکستان میں کیسے آرہے ہیں

استعمال شدہ چینی فونز کیا ہیں اور پاکستان میں کیسے آرہے ہیں

پاکستان میں بھی استعمال شدہ موبائل فونز کی ایک بڑی مارکیٹ موجود ہے۔ پاکستانی تاجر چین کی مارکیٹوں، خصوصاً شینزن سے بڑی تعداد میں ایسے فون خریدتے ہیں اور انہیں بحری یا فضائی راستے سے پاکستان درآمد کرتے ہیں
 چین کے شہر شینزن کی مشہور الیکٹرانکس مارکیٹ ہواچیانگ بے میں افریقہ، جنوبی ایشیا اور بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک کے تاجر بڑی تعداد
میں استعمال شدہ موبائل فون خرید رہے ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ خریدار ٹوٹی ہوئی اسکرین اور خراب حالت والے فون بھی خریدنے سے گریز نہیں کرتے، کیونکہ انہیں اپنے ممالک میں مرمت کرکے فروخت کرنے سے اچھا منافع حاصل ہوتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ تاجر اختر محمد بھی ان خریداروں میں شامل ہیں، جو 2007 سے چین آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چین بھر سے خراب موبائل فون یہاں لائے جاتے ہیں اور وہ انہیں پاکستان لے جا کر مرمت کرواتے ہیں۔

چین دنیا میں اسمارٹ فون بنانے والا سب سے بڑا ملک ہے اور چائنا ایسوسی ایشن آف سرکلر اکانومی کے اندازے کے مطابق وہاں ہر سال 40 کروڑ سے زائد موبائل فون استعمال کے قابل نہ رہنے کے بعد ضائع کیے جاتے ہیں۔

دنیا بھر میں موبائل فون کی قیمتوں میں اضافے اور نئے آلات کی خریداری مشکل ہونے کے باعث استعمال شدہ فونز کی مانگ میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ تاجر ماما نے بتایا کہ انہوں نے شینزن میں ایک ہی دن کے دوران تقریباً 40 استعمال شدہ موبائل فون خریدے۔ ان کے مطابق افریقی ممالک میں بڑے سپلائرز اور ایسی منڈیاں موجود نہیں، اس لیے چین سے فون خرید کر اپنے ملک بھیجنے میں اچھا منافع ملتا ہے۔

مارکیٹ میں بعض تاجر خراب اسکرین والے آئی فون 13 پرو اور 14 پرو بھی تقریباً 150 سے 300 ڈالر میں خرید رہے ہیں، جنہیں اپنے ملک لے جا کر مرمت کروانے کے بعد زیادہ قیمت پر فروخت کیا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جنوبی ایشیا اور افریقہ جیسے خطوں میں قوت خرید نسبتاً کم ہونے کی وجہ سے لوگ نیا موبائل خریدنے کے بجائے پرانے فون استعمال کرنے اور خراب ہونے کی صورت میں ان کی مرمت کو ترجیح دے رہے ہیں۔

تحقیقی ادارے کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں استعمال شدہ اسمارٹ فونز کی عالمی منڈی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد اضافہ ہوا اور اس دوران تقریباً 15 کروڑ فونز کی خرید و فروخت ہوئی۔

پاکستانی تاجر اختر محمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں لوگ ایک موبائل فون چار سے پانچ سال تک استعمال کرتے ہیں، جبکہ امریکا اور یورپ میں بعض صارفین ہر سال بلکہ چھ ماہ بعد بھی اپنا فون تبدیل کر لیتے ہیں۔

شینزن میں روایتی دکانوں کے علاوہ استعمال شدہ موبائل فونز کی خریداری کے لیے جدید تجارتی مراکز بھی قائم ہو رہے ہیں، جہاں 20 ہزار سے زائد فونز نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ خریدار مخصوص کوڈ اسکین کرکے فون کی حالت، جانچ پڑتال کی رپورٹ اور قیمت معلوم کر سکتے ہیں۔

الجزائر سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ تاجر عبد الرحیم بھی ہر ماہ دو سے تین مرتبہ چین آتے ہیں اور اپنے ملک میں موبائل فونز اور لوازمات کی دکان کے لیے سامان خریدتے ہیں۔ ان کے مطابق چین اور الجزائر کے درمیان قیمتوں کے فرق سے انہیں فی فون 100 سے 120 یورو تک فائدہ حاصل ہوتا ہے۔

چینی کمپنی اے ٹی ری نیو کے مطابق اس کی فروخت میں ایپل کے فونز کا حصہ 70 سے 80 فیصد ہے، جبکہ باقی فروخت میں ہواوے، شیاؤمی، اوپو اور ویوو جیسے برانڈز شامل ہیں۔ آئی فون 11، 12 اور 13 جیسے پرانے ماڈلز بھی بیرون ملک خریداروں میں مقبول ہیں۔

شینزن کے قریب ڈونگ گوان میں قائم کمپنی کے بڑے مرکز میں روزانہ تقریباً 30 ہزار استعمال شدہ برقی آلات پہنچتے ہیں، جہاں 300 سے زائد ماہر کارکن ان کی جانچ پڑتال اور پیکنگ کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چین میں بھی مہنگائی اور موبائل فونز کی بڑھتی قیمتوں کے باعث صارفین اب استعمال شدہ، خصوصاً کم استعمال شدہ مہنگے فونز خریدنے میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔

یوں چین کی استعمال شدہ موبائل فون مارکیٹ نہ صرف مقامی صارفین بلکہ پاکستان، افریقہ اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے تاجروں کے لیے بھی منافع بخش کاروبار بنتی جا رہی ہے۔