پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ کا راج، لاہور دنیا بھر میں پہلے نمبر پر برقرار

فضا انتہائی آلودہ، اے کیو آئی خطرناک سطح پر پہنچ گیا، شہریوں کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت۔

November 20, 2026 · قومی
پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ کا راج، لاہور دنیا بھر میں پہلے نمبر پر برقرار

پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ کا راج، لاہور دنیا بھر میں پہلے نمبر پر برقرار

پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ کی شدت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور فضا انتہائی آلودہ ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات اور ماحولیاتی اعداد و شمار کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہے جہاں اوسط فضائی آلودگی انڈیکس 400 سے زائد پارٹیکولیٹ میٹرز تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے۔ گلبرگ کے علاقے میں فضائی آلودگی انڈیکس 600 تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ برکی روڈ پر اے کیو آئی 550 تک جا پہنچا۔ اس کے علاوہ ملتان روڈ، ڈی ایچ اے فیز 6 اور جی ٹی روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 500 تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ ایجرٹن روڈ 470، گلبرگ تھری 439 اور شاہدرہ 434 اے کیو آئی کے ساتھ شدید متاثرہ علاقوں میں شامل رہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور کا موسم بتدریج سرد ہو رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا کی رفتار انتہائی کم ہونے کے باعث فضا میں آلودگی کے ذرات تحلیل نہیں ہو پا رہے اور آئندہ چند روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، جس سے سموگ کی یہ لہر برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

صوبے کے دیگر شہروں میں بھی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ فیصل آباد میں اے کیو آئی 686، گوجرانوالہ میں 562، ملتان میں 641 اور جھنگ میں 441 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیے گئے۔ مزید برآں شیخوپورہ، پاکپتن اور سرگودھا سمیت دیگر اضلاع بھی شدید آلودگی کی زد میں ہیں۔ ماحولیاتی ماہرین اور محکمہ صحت نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک استعمال کرنے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔