بچوں کے عالمی دن پر وزیر اعظم شہباز شریف کا نونہالان وطن کے لئے خصوصی پیغام
عزمِ نو کا اعادہ، بچوں کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے، حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
بچوں کے عالمی دن پر وزیر اعظم شہباز شریف کا نونہالان وطن کے لئے خصوصی پیغام
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستانی نونہالِ وطن کے لئے جذبہِ شفقت و محبت کا دِلی اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق اس دن کے منانے کا مقصد بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے عزم کی تجدید کرنا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان آج اس عزم کی بھرپور تجدید کرتا ہے کہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشونما، علمی و فکری تربیت اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچے قوم کے تابندہ مستقبل کے معمار، قومی تہذیب کے پاسبان اور روایات و اقدار کے امین ہوتے ہیں۔
سرکاری بیان کے مطابق بچوں کی آواز سننے والا معاشرہ ہی ایک منصفانہ، جامع اور خوشحال مستقبل کا حقیقی ضامن بن سکتا ہے۔ واضح رہے کہ بچوں کے لئے یہ مختص دن اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ اطفال (یو این سی آر سی) کی منظوری کی یاد میں دنیا بھر میں منایا جاتا ہے، اور اس سال کا موضوع “میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل” بچوں کی فلاح و بہبود کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا ہے۔