خیبر پختونخوا حکومت کا صوبے میں گرین رکشہ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ

مستحق افراد کو فراہمی، 50 فیصد سبسڈی دی جائے گی، چار سالہ آسان اقساط پر رکشے ملیں گے۔

November 20, 2026 · قومی
خیبر پختونخوا حکومت کا صوبے میں گرین رکشہ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت کا صوبے میں گرین رکشہ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ

پشاور (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں عام شہریوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے گرین رکشہ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشیر ٹرانسپورٹ آصف رفیق کے مطابق اس سکیم کے تحت مستحق افراد کو گرین رکشے 4 سال کی آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے، جبکہ حکومت ان رکشوں کی مجموعی قیمت کا 50 فیصد بطور سبسڈی خود ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صوبے میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے نظام کو فروغ دینا اور بے روزگار طبقے کو روزگار کے پائیدار ذرائع مہیا کرنا ہے۔

علاوہ ازیں، پشاور ماس ٹرانزٹ بس سروس کے لیے سالانہ 2 ارب روپے آمدن کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ مشیر ٹرانسپورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ماس ٹرانزٹ بس سروس کی آمدن میں اضافے کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے، تاکہ ادارے کے مالیاتی امور کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ میں کرپشن کے مکمل خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے لیے بھی فوری طور پر عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔