زرعی یونیورسٹی غبن کیس میں چیف اکاﺅنٹنٹ اور جونیئر اکاﺅنٹنٹ کی ضمانتیں مسترد
جونیئر اکاﺅنٹنٹ وقاص بھٹی عدالت سے باآسانی فرار،چیف اکاونٹنٹ فواز اشرف شیخ پہلے ہی گرفتار ہے
فائل فوٹو
حیدرآباد : انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت حیدرآباد کے جج سید خلیل انور حسین جعفری نے سندھ زرعی یونیورسٹی میں 7 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کی مبینہ غیر قانونی ادائیگیوں کے کیس میں چیف اکاونٹنٹ فواز اشرف شیخ اور جونیئر اکاونٹنٹ وقاص بھٹی کی عبوری ضمانتیں مسترد کر دیں جس کے بعد جونیئر اکاﺅنٹنٹ وقاص بھٹی عدالت سے باآسانی فرار ہوگیا۔
دوران سماعت چیف اکاﺅنٹنٹ فواز اشرف شیخ کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ ضمانت پر آزاد جونیئر اکاﺅنٹنٹ وقاص بھٹی اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے۔فاضل عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ضمانتیں مسترد کرنے کا حکم سنایا۔
واضع رہے کہ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں پنشن کی مد میں 7 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کی مبینہ غیر قانونی ادائیگیوں کی تحقیقات جاری ہیں،کیس کی تحقیقات اینٹی کرپشن حیدرآباد کے تحت کی جارہی ہیں جبکہ کیس میں چیف اکاونٹنٹ فواز اشرف شیخ پہلے ہی گرفتار ہے۔