غیر ملکیوں کا حساس ڈیٹا لیک کرنے والا ملزم خودکشی کی کوشش کے بعد اسپتال منتقل
اہم کارروائی، دوبارہ گرفتاری کا خدشہ، جناح اسپتال میں آپریشن جاری
غیر ملکیوں کا حساس ڈیٹا لیک کرنے والا ملزم خودکشی کی کوشش کے بعد اسپتال منتقل
کراچی میں غیر ملکیوں کا حساس ڈیٹا لیک کرنے کے الزام میں گرفتار ہونے والا ملزم دانش پرویز عرف ٹیٹو مین مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کے دوران شدید زخمی ہو گیا ہے۔ اسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ملزم دانش پرویز عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد اپنے گھر منتقل ہو گیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نے دوبارہ گرفتاری کے خوف سے انتہائی قدم اٹھایا اور محمود آباد میں واقع اپنے گھر میں مبینہ طور پر اپنا گلا کاٹ لیا۔ واقعے کے فوراً بعد اسے ہنگامی حالت میں جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کے گلے کا ایمرجنسی آپریشن کیا۔
ابتدائی تحقیقات اور ذرائع کے مطابق ملزم دانش پرویز اس سے قبل فوڈ ڈیلیوری کا کام کرتا تھا اور اس پر ڈارک ویب سے حساس ڈیٹا حاصل کر کے مختلف افراد کو فروخت کرنے کا سنگین الزام ہے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اس سے پہلے ایک کارروائی کے دوران اسے گرفتار کیا تھا اور اس کے خلاف تحقیقات کا سلسلہ جاری تھا۔