درآمدی گندم کے 2 لاکھ ٹن سے زائد ذخائر کی آمد کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

نیا بحری جہاز لنگر انداز، نرخوں میں مسلسل اضافہ، عوام کی مشکلات بڑھ گئیں

November 21, 2026 · قومی
درآمدی گندم کے 2 لاکھ ٹن سے زائد ذخائر کی آمد کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

درآمدی گندم کے 2 لاکھ ٹن سے زائد ذخائر کی آمد کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

کراچی پورٹ پر درآمدی گندم کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور رومانیہ سے 50 ہزار ٹن گندم لے کر آنے والا ایک اور بلک کیریئر کراچی پہنچ گیا ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی دستیاب دستاویزات اور اعداد و شمار کے مطابق اب تک درآمدی گندم کے 4 جہاز 2 لاکھ ٹن سے زائد گندم لے کر پاکستان آ چکے ہیں۔ حکام کے مطابق ایم وی زونگ چانگ نامی جہاز رومانیہ سے 50 ہزار ٹن گندم لے کر کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایل ٹرمینل کی برتھ نمبر 13 اور 14 پر لنگر انداز ہوا ہے، جو کہ بنیادی طور پر پنجاب کے لیے درآمد کی گئی ہے۔

اب تک پہنچنے والے مجموعی طور پر 4 جہازوں میں سے ایک جہاز خیبرپختونخوا، 2 پنجاب اور 1 سندھ کے لیے گندم لے کر پہنچا ہے۔ اس بڑی مقدار میں درآمدی گندم کی ملک میں آمد کے باوجود کراچی سمیت مختلف علاقوں میں آٹے کی قیمتوں میں کمی واقع ہونے کے برعکس مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فلار ملز مالکان کی جانب سے آٹے کے نرخوں میں من مانے اضافے کے بعد شہریوں کے لیے خوراک کا حصول انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔

مارکیٹ ذرائع اور رپورٹس کے مطابق فلار ملز مالکان نے فائن آٹے کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اور ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا ہے۔ ان نئے اضافوں کے بعد شہر میں کھلی گندم 150 روپے فی کلو، فائن آٹا 210 روپے فی کلو اور ڈھائی نمبر آٹا 180 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں اور عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیں اور قیمتوں میں مصنوعی اضافے کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔