برطانیہ میں ریفرنڈم، گاؤں نے ملک سے علیحدگی کیلئے ووٹ دے دیئے

ووٹنگ میں مجموعی طور پر 274 افراد نے حصہ لیا، جن میں سے 257 نے علیحدگی کے حق میں، 16 نے مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

November 22, 2026 · امت خاص
برطانیہ میں ریفرنڈم، گاؤں نے ملک سے علیحدگی کیلئے ووٹ دے دیئے

برطانیہ میں ریفرنڈم، گاؤں نے ملک سے علیحدگی کیلئے ووٹ دے دیئے

لندن: برطانیہ میں تارکین وطن کو آباد کرنے کے حکومتی منصوبے کے خلاف ایک گاؤں کے رہائشیوں نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے برطانیہ سے علیحدگی کے حق میں بھاری اکثریت سے ووٹ دے دیا۔

برطانوی علاقے سفوک کے گاؤں برنہم میں ہونے والے علامتی ریفرنڈم میں 94 فیصد ووٹرز نے برطانیہ سے علیحدگی کی حمایت کی۔ ووٹنگ میں مجموعی طور پر 274 افراد نے حصہ لیا، جن میں سے 257 نے علیحدگی کے حق میں، 16 نے مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

یہ ریفرنڈم حکومت کی جانب سے سابق فضائی اڈے آر اے ایف برنہم میں 931 مرد پناہ گزینوں کو ٹھہرانے کے منصوبے کے خلاف منعقد کیا گیا تھا۔ مقامی شہریوں کا مؤقف ہے کہ اس منصوبے سے علاقے کے امن، تحفظ اور رہائشیوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔

ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے کے بعد مقامی رہائشیوں نے گاؤں کا نیا پرچم بھی متعارف کرایا، جس پر سفوک کے علاقے میں پائے جانے والے ایک پرندے اسٹون کرلیو کی تصویر موجود ہے۔ مقامی پیرش کونسل کے سربراہ جان باؤر کے مطابق گاؤں اب خود کو ’بیلی وِک آف برنہم‘ قرار دے گا۔

مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ووٹ صرف آغاز ہے اور اب وہ اپنی تحریک کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھائیں گے۔ رہائشیوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت مقامی آبادی کے تحفظات کو نظر انداز کر رہی ہے۔

برطانوی حکومت نے جون میں سابق فضائی اڈے پر بالغ مرد پناہ گزینوں کو ٹھہرانے کی تجویز پیش کی تھی، جس کے بعد علاقے میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔ یہ منصوبہ پناہ گزینوں کو ہوٹلوں میں ٹھہرانے کے اخراجات کم کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔

برنہم کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے بچوں اور خاندانوں کی حفاظت سے متعلق خدشات ہیں۔ تاہم برطانوی حکومت کے مطابق منصوبے کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور مقامی آبادی کی حفاظت اور سلامتی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

واضح رہے کہ برطانیہ سے علیحدگی کے حق میں ہونے والا یہ ریفرنڈم علامتی نوعیت کا ہے اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ اس سے قبل ستمبر میں آکسفورڈشائر کے گاؤں پڈنگٹن میں بھی تارکین وطن کی رہائش کے منصوبے کے خلاف اسی نوعیت کا ریفرنڈم منعقد کیا گیا تھا۔